اسلام آباد27فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے 13 ویں دن منگل کوہندوستانی فضائیہ کی طرف سے پاکستان میں ایئر اسٹرائک کرکے دہشت گرد ٹھکانوں کو تباہ کئے جانے سے پاکستان بوکھلایا ہوا ہے۔پاکستان نے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ایسے میں پاکستان کے وزیر خارجہ کے دفتر نے پاکستان میں تعینات ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آہلووالیہ کو طلب کیا ہے۔بتا دیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان پاکستان کی فوج نے ایک بار پھر بڑا دعوی کیا ہے۔پاکستانی فوج دعوی کر رہی ہے کہ اس نے ہندوستان کے دو پائلٹوں کو اپنی حراست میں لیا ہے،اس کے علاوہ ان کے لڑاکا طیارے نے ہندوستان کے کئی علاقوں میں بمباری کی ہے۔ہندوستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے 3 F۔16 طیارے ہندوستانی سرحد میں گھسے اور 4 مقامات پر راکٹ گرائے۔پاکستان کی اس بزدلانہ حرکت کا ہندوستان نے منھ توڑ جواب دیا ہے۔ہندوستان نے پاکستان کی حرکت کا کرارا جواب دیتے ہوئے پاکستان کے F۔16 کو مار گرایا ہے